بنگلورو،3؍ جولائی(ایس او نیوز)ریاستی وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے کہا کہ شہر کے دیوراج ارس ٹرک ٹرمینل کی ہمہ جہت ترقی کیلئے ایک توسیعی پراجکٹ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔آج انہوں نے ٹرک ٹرمینل کے چیرمین وی ایس سوری کے ہمراہ اس ٹرمینل کا تقریباً ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک معائنہ کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایا کہ افسران سے کہا گیا ہے کہ دس دنوں کے اندر اس ٹرک ٹرمینل کی ہمہ جہت ترقی پر مشتمل ایک توسیعی پراجکٹ رپورٹ پیش کی جائے ،تاکہ فوری طور پر اس ٹرمینل کو ترقی دینے کیلئے موثر منصوبہ سازی کی جاسکے۔ بی بی ایم پی اور دیگر ایجنسیوں کے اشتراک سے اس ٹرمینل کوترقی دینے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ٹرک ٹرمینل کی سڑکوں کو سدھارنے اور فٹ پاتھوں کی تعمیر کے ساتھ یہاں ٹریفک کے دباؤ کو نگرانی میں رکھنے کیلئے درکار اقدامات اس مجوزہ رپورٹ میں ملحوظ رکھے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹرک ٹرمینل میں موجود گندگی کی نکاسی کیلئے بی بی ایم پی کو فوری ہدایت دی جاچکی ہے، اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہفتہ میں کم از کم ایک مرتبہ بی بی ایم پی کے عملے کو متعین کرکے ٹرک ٹرمینل کی صفائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہاکہ ٹرک ٹرمینل کے احاطہ میں ریت کی لاریوں کو من مانے طریقوں سے پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ٹرک ٹرمینل کو ترقی دینے کیلئے کاموں کی شروعات اگلے دو ماہ کے دوران کی جائے گی۔اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی منی رتنا ، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد ، میئر جی پدماوتی وغیرہ موجود تھے۔